بچوں کے لیے  محفوظ، مثبت اور بااعتماد ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل حکومت کی اہم ترجیح ہے ، شزہ فاطمہ خواجہ

16

اسلام آباد، 28 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ بچوں کے لیے ایک محفوظ، مثبت اور بااعتماد ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، جس کے لیے ٹیکنالوجی کمپنیوں، والدین، اساتذہ اور معاشرے کے تمام طبقات کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔

سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بچوں کو ڈیجیٹل دنیا کے مواقع سے بھرپور استفادے کے قابل بنانے کے لیے آن لائن تحفظ سے متعلق آگاہی کو ملک کے ہر حصے تک پہنچانا ضروری ہے۔ اس ضمن میں بڑے شہروں کے ساتھ دیہی اور دور دراز علاقوں میں بھی آگاہی سرگرمیوں کو فروغ دیا جانا چاہیے۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ میٹا جیسی عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی آگاہی مہمات میں فعال شرکت بچوں اور والدین تک محفوظ انٹرنیٹ کے حوالے سے مفید پیغامات پہنچانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی بھی بچوں کے آن لائن تحفظ سے متعلق آگاہی مہمات کے ذریعے اس مقصد میں معاونت کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ والدین اور اساتذہ کی رہنمائی بچوں میں ذمہ دارانہ ڈیجیٹل رویوں کو فروغ دینے کے لیے اہم ہے۔ بچوں کو ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا بھی ضروری ہے جہاں وہ آن لائن معاملات پر اعتماد کے ساتھ گفتگو کر سکیں اور ضرورت کے وقت مناسب رہنمائی حاصل کر سکیں۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ آگاہی، تعاون اور مثبت مکالمے کے فروغ سے بچوں اور نوجوانوں کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔