راولپنڈی، 28 اکتوبر (اے پی پی): نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے ذیلی ادارے ملٹری کالج آف سگنلز (ایم سی ایس) کی 33ویں کانووکیشن تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے فارغ التحصیل طلبہ کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ عملی زندگی میں دیانت داری، جدت اور پیشہ ورانہ مہارت کو اپنا شعار بناتے ہوئے قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔
تقریب کے دوران الیکٹریکل انجینئرنگ، سافٹ ویئر انجینئرنگ اور انفارمیشن سکیورٹی کے شعبوں میں 14 محققین کو پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی گئیں، جبکہ پوسٹ گریجویٹ کے 74 اور انڈرگریجویٹ کے 250 طلبہ میں بھی ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔ نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو مختلف اعزازات سے نوازا گیا۔











