حب: کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطا کی زیرِ صدارت ڈویژنل  پولیو ٹاسک فورس کا اہم جائزہ اجلاس

0

کوئٹہ / حب،27 اکتوبر(اے پی پی): کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطا کی زیرِ صدارت ڈویژنل پولیو ٹاسک فورس کا ایک اہم جائزہ اجلاس لیدا کانفرنس ہال حب میں منعقد ہوا، جس میں لسبیلہ اور حب سمیت ڈویژن بھر کے علاقوں میں انسدادِ پولیو مہم کی کوریج، انکاری والدین، اور فیلڈ مانیٹرنگ ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمعداد خان مندوخیل، ڈویژنل پولیو آفیسر ڈاکٹر احسان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر لیاقت رند، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور یونیسف کے نمائندگان نے شرکت کی، جبکہ ڈی سی آواران عقیل کریم اور ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر جواد نے آن لائن شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بعض یونین کونسلز (UCs) میں پولیو ٹیموں کی ناقص کارکردگی اور مائیکرو پلاننگ میں کوتاہی سامنے آنے پر کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطا نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور غفلت برتنے والے افسران و فیلڈ اسٹاف کے خلاف سخت ڈسپلنری ایکشن کی ہدایت کی۔

کمشنر لسبیلہ نے ہدایت کی کہ کم کوریج والے علاقوں میں انکاری والدین کو قائل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ، مقامی علماء اور معززین پر مشتمل ٹیمیں دوبارہ متحرک کی جائیں۔ انہوں نے ٹرانزٹ پوائنٹس اور حساس فکسڈ سائٹس پر پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی اور مانیٹرنگ سخت کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سائرہ عطا نے واضح کیا کہ پولیو کا خاتمہ قومی فریضہ اور اولین ترجیح ہے، اس مہم میں کسی قسم کی غفلت یا ڈیٹا میں ہیرا پھیری برداشت نہیں کی جائے گی۔ ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران اپنے عہدوں پر نہیں رہیں گے۔ تمام اضلاع کو 100 فیصد ہدف حاصل کر کے بچوں کو معذوری سے محفوظ بنانا ہوگا۔