حب: یومِ سیاہِ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام عظیم الشان یکجہتی ریلی کا انعقاد

2

حب ۔27 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمعداد خان مندوخیل کی ہدایت پر یومِ سیاہِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کے لیے اسسٹنٹ کمشنر حب مہیم خان گچکی کی قیادت میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول حب کے سینئر اساتذہ، طلبہ، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کا آغاز گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول حب سے ہوا، جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی لسبیلہ پریس کلب حب پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ اس موقع پر کشمیری شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

ریلی کے دوران طلبہ نے کشمیری عوام کے حق میں اور بھارتی تسلط کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔