کوئٹہ، 27 اکتوبر(اے پی پی): معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ یہ دن کشمیری عوام کی قربانیوں،جدوجہد اور بنیادی حقوق کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا اور ان کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کا حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے اور ان کے بنیادی حقوق کا احترام پائیدار امن کے لیے ضروری ہے۔بابر یوسفزئی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلے کے حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ یومِ سیاہ کے موقع پر پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ اپنی غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ کشمیری عوام کی جدوجہد، امنگوں اور بنیادی حقوق کا احترام خطے میں پائیدار امن،استحکام اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جائز امنگوں اور حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔











