روس میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کا پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی، تعلیمی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر زور

1

اسلام آباد۔19اکتوبر  (اے پی پی):روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی، تعلیمی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سیاسی روابط کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تجارت، طلبہ کے تبادلے اور علاقائی رابطوں کو فروغ دیا جا سکے۔

انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) میں ’’پاکستان روس تعلقات‘‘ کے موضوع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے لئے ویزا سہولتوں، براہ راست پروازوں اور بینکاری و ادائیگیوں سے متعلق مشکلات کے حل پر توجہ دینا ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون کو فروغ دینے کے لئے دوطرفہ بزنس فورم کے انعقاد کی تیاریاں جاری ہیں جس کے تحت کاروباری اداروں کے درمیان پیشگی ملاقاتوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے ایران، افغانستان اور چین کے راستے تجارتی اور سفری رابطوں کو بہتر بنانے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

پاکستانی سفیر نے دونوں ممالک کی جامعات کے درمیان اشتراک، طلبہ کے تبادلے اور سائنس، انجینئرنگ اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے روسی زبان کی تعلیم، ثقافتی تبادلوں اور دونوں ممالک کے ذرائع ابلاغ اور تخلیقی شعبوں کے درمیان قریبی روابط کی ضرورت بھی اجاگر کی۔

علاقائی سلامتی کے حوالے سے فیصل نیاز ترمذی نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات کا ذکر کیا۔