کہروڑپکا ،19 اکتوبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع کی تمام تحصیلوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں، حکومتی اقدامات کے ثمرات عام شہری تک پہنچانا اور شہریوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ بنیادی ضروریات ہر شہری کا حق ہیں اور ان کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہروڑپکا کا تفصیلی دورہ کیا اور اسسٹنٹ کمشنر آفس میں ستھرا پنجاب ایجنسی، میونسپل کمیٹی، پیرا اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہر میں صفائی و ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے، بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر اقراء عمر سمیت تحصیل کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کہروڑپکا شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جائے اور ستھرا پنجاب کے تحت صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ کوڑا کرکٹ کے عارضی کولیکشن سنٹر کی صفائی بہتر بنانے کے ساتھ اس کے لیے متبادل جگہ تلاش کی جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تحصیل کہروڑپکا میں ڈبلیو بی پراجیکٹس کے لیے جلد مشینری منگوائی جائے اور جاری کاموں کی رفتار اور معیار کو بہتر بنایا جائے۔محمد اشرف نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا اور بخاری چوک کا پیدل معائنہ کرتے ہوئے صفائی کی صورتحال اور تجاوزات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے دکانداروں سے ملاقاتیں کیں اور موقع پر تجاوزات کی نشاندہی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تاجر اپنا سامان دکانوں کی مقررہ حدود سے باہر ہرگز نہ رکھیں۔ تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کا سامان ضبط کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے میں کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے شہر میں اشیائے خوردونوش، پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو پرائس کنٹرول کے اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ قیمتوں میں کمی کے حکومتی اقدامات کا ریلیف براہ راست عوام تک پہنچایا جائے تاکہ شہریوں کو مناسب نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے چوک میں جاری تعمیراتی کاموں اور دیگر ترقیاتی سائٹس کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو جاری ترقیاتی کاموں کی نگرانی بہتر بنانے اور عوامی سہولیات سے متعلق معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ کہروڑپکا شہر میں سیف سٹی منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا، جبکہ تجاوزات کے خاتمے، صفائی کے نظام میں بہتری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں۔











