وزیراعظم کا لائیو سٹاک بورڈ کی تنظیم نو اور ویکسین پلانٹ کے قیام کا حکم،وفاقی حکومت مویشیوں کی جدید ویکسین کا قومی پلانٹ خود قائم کرے گی

3

اسلام آباد، 19 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت لائیو سٹاک کے شعبے میں جاری اصلاحات اور برآمدات میں اضافے سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی فوری تنظیم نو کی ہدایت جاری کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ میں نجی شعبے کے ماہرین کو شامل کر کے اسے ایک مؤثر، فعال اور متحرک ادارے میں تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو بورڈ کی تنظیم نو کا مکمل پلان جلد از جلد پیش کرنے کا حکم دیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے واضح کیا کہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کا قیام 2007 میں پاکستان میں مویشیوں کی افزائش، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے اور اس شعبے کی مجموعی ترقی کے لیے عمل میں لایا گیا تھا، جسے اب جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے لائیو سٹاک کے لیے خصوصی بونڈڈ ویئر ہاؤسز میں لائے گئے درآمد شدہ مویشیوں کو ویلیو ایڈیشن کے عمل میں لانے کی بھی سخت ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ان درآمد شدہ مویشیوں سے بذریعہ ویلیو ایڈیشن اعلیٰ معیار کی گوشت اور دودھ کی مصنوعات (Meat and Dairy Products) تیار کر کے بین الاقوامی مارکیٹ میں برآمد کی جائیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لائیو سٹاک کے شعبے کی حقیقی ترقی کے لیے نجی شعبے کو آگے بڑھنا چاہیے اور حکومت نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور سہولت کاری کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔وزیراعظم نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وفاقی حکومت، مویشیوں کے لیے جدید اور مؤثر ویکسین کی پیداوار کا قومی سطح کا پلانٹ اپنے ذاتی وسائل سے قائم کرے گی۔

 اس سلسلے میں انہوں نے نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر (NARC) میں مویشیوں کی ویکسین کا پلانٹ قائم کرنے کے حوالے سے جامع حکمت عملی ایک ہفتے کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو لائیو سٹاک کے شعبے میں جاری اصلاحات اور اس شعبے سے منسلک برآمدات میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی پیشرفت پر تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر کے مذبح خانوں (Abattoirs) کی کارکردگی اور معیار کو بہتر بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔

حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ پاکستان میں فی الوقت مویشیوں کے لیے دستیاب تمام ویکسینز ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) سے منظور شدہ نہیں ہیں، اسی لیے ملک کے اندر مویشیوں کے لیے پیوریفائڈ اور بین الاقوامی معیار کی ویکسین کی پیداوار کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید برآں، بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیرون ملک سے درآمد کیے جانے والے مویشیوں کی دیکھ بھال اور ویلیو ایڈیشن کے لیے خصوصی بونڈڈ ویئر ہاؤسز کے قیام پر عملی کام جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، جام کمال خان، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔