سُتھرا پنجاب اتھارٹی کا اجلاس،گوجرانولہ، صفائی اقدامات کا جائزہ

0

لاہور، 16 اکتوبر (اے پی پی): وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سُتھرا پنجاب اتھارٹی اجلاس کے دوران گوجرانولہ، لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، ڈی جی خان، بہاولپور، ملتان اور فیصل آباد ڈویژن کے صفائی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ کے فوکل پرسن برائے سُتھرا پنجاب عاصم محمود، ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ بینش فاطمہ کے علاوہ تمام لوکل گورنمنٹ اور میونسپل افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل سُتھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید نے صفائی آپریشنز پر بریفنگ دی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ تمام یونین کونسل سیکرٹریوں کو سُتھرا پنجاب کے متعلقہ سپروائزر اور ورکرز کی فہرست فراہم کردی گئی۔ ہر سیکرٹری یونین کونسل اپنے زیرانتظام دیہات میں صفائی کی نگرانی یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ سموگ سیزن کے باعث تمام میونسپل سٹاف فیلڈ مانیٹرنگ بھی کرے گا۔ ذیشان رفیق نے زور دیا کہ کسی جگہ کوڑا یا فصلوں کی باقیات جلانے کی فوراً رپورٹ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ بھی نگرانی کے اس عمل میں شامل ہوں گے۔ شہروں میں وارڈز کی سطح پر میونسپل آفیسرز کی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خالی پلاٹوں میں پڑے کوڑے کو ہرگز نظرانداز نہ کیا جائے۔ یومیہ اور ہفتہ وار رپورٹ لازمی بھجوائی جائے۔ ڈی جی لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری بورڈ صوبائی سطح پر نگرانی کریں گے۔