اسلام آباد، 27 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اس سلسلے میں حکومت اور جماعت اسلامی نے عوامی سہولت کے لیے مشترکہ کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے جو موجودہ پٹرولیم ریلیف سکیم میں توسیع اور آئندہ بجٹ میں پٹرولیم لیوی کے مرحلہ وار خاتمے سے متعلق قابلِ عمل تجاویز مرتب کرے گی۔
منگل کو وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کے ہمراہ پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کمیٹی میں جماعت اسلامی کے تین نمائندوں کے علاوہ حکومت کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور رانا ثناء اللہ سمیت حکومتی نمائندے شامل ہوں گے۔ کمیٹی مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے کر ایسی سفارشات مرتب کرے گی جن سے زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں عوام، بالخصوص معاشرے کے کمزور طبقات کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ موجودہ پٹرولیم ریلیف سکیم بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس سے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق تقریباً سوا کروڑ افراد مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایسے اقدامات کیے جائیں جو دیرپا اور قابلِ عمل ہوں۔ اسی مقصد کے تحت موجودہ ریلیف سکیم کے دائرہ کار میں توسیع اور آئندہ بجٹ میں پٹرولیم لیوی کے مرحلہ وار خاتمے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی دونوں عوامی مشکلات میں کمی لانے کے مشترکہ مقصد کے تحت کام کر رہے ہیں۔ کمیٹی کے ذریعے باہمی مشاورت سے ایسی تجاویز مرتب کی جائیں گی جو عوامی ضروریات اور معاشی تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور عالمی توانائی صورتحال میں بہتری کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان نے عالمی سطح پر سفارتی رابطوں کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کیا ہے، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کوششیں بھی خطے میں تعاون اور رابطوں کو مضبوط بنانے میں اہمیت رکھتی ہیں۔
پروفیسر احسن اقبال نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ملک میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے سیاسی و داخلی استحکام بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے تمام سیاسی قوتوں کو مشترکہ قومی مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ جماعت اسلامی کی قیادت اور دیگر سیاسی قوتیں باہمی مشاورت کے ذریعے ایسے قابلِ عمل اقدامات کی حمایت کریں گی جن سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے اور ملکی معاشی ترقی کے عمل کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔









