اسلام آباد، 13 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت غربت کے خاتمے، انسانی وسائل کی ترقی اور معاشی مواقع کی منصفانہ فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ ترقی کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچائے جا سکیں۔
جامع معاشی ترقی، معاشی خودمختاری اور غربت سے خوشحالی کی جانب سفر کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غربت کے پائیدار خاتمے کے لیے تعلیم، صحت، غذائیت اور باعزت روزگار کے مواقع کو فروغ دینا ضروری ہے۔ معیاری تعلیم اور انسانی وسائل میں سرمایہ کاری پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا مقصد لوگوں کو غربت سے نکال کر خود کفالت کی منزل تک پہنچانا ہے، جس کے لیے متعلقہ اداروں اور فریقین کی مشترکہ کوششوں کو مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو مالی معاونت اور پیداواری اثاثوں کی فراہمی کے ساتھ ہنر مندی، کاروباری سرمایہ، منڈیوں تک رسائی اور پائیدار ذرائع معاش کے مواقع فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔ خواتین کی معاشی خودمختاری، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع اور جامعات کے ذریعے مقامی آبادیوں کی ترقی اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت ترقیاتی اقدامات کو قابلِ پیمائش نتائج اور مؤثر نگرانی سے منسلک کرنے پر توجہ دے رہی ہے تاکہ لوگوں کی آمدنی، بچت، غذائیت اور معیارِ زندگی میں بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے خوشحال اضلاع کو پسماندہ علاقوں کی ترقی میں شراکت دار بنانے اور دستیاب وسائل و صلاحیتوں کو مشترکہ طور پر بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ علاقائی ترقی کو فروغ اور معاشی مواقع تک رسائی کو وسعت دی جا سکے۔
وفاقی وزیر نے کانفرنس کے شرکا پر زور دیا کہ وہ غربت کے پائیدار خاتمے، ترقیاتی اقدامات کے فروغ اور مستحق خاندانوں کے معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے قابلِ عمل سفارشات اور جامع لائحہ عمل پیش کریں۔











