میرپور،08 اکتوبر (اے پی پی): قومی یومِ آگاہی برائے آفات کے موقع پر 8 اکتوبر 2005ء کے شہدائے زلزلہ کی یاد میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں میر پور حکام، افسران، کورٹ کے منتظمین،مختلف سکولوں کے طلبا و طالبات،عوام اور سول سوسائٹی نے شرکت کی۔
شہدائے زلزلہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور سائرن بجائے گے ۔8 بج کر 52 منٹ پر سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
آگاہی واک کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھےجن پر قدرتی آفات سے بچاؤ اور حفاظتی تدابیر کے حوالے سے پیغامات درج تھے۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری،مؤثر تربیت،بروقت ردعمل اور عوامی شعور کی بیداری ناگزیر ہے، عوام کو قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں محفوظ رہنے کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انھوں نے شہدا 8 اکتوبر 2005 کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفت سے متاثرہ بچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کے لیے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (کورٹ) کی خدمات انسانیت کی قابلِ تقلید مثال ہیں۔
تقریب کے اختتام پر 8 اکتوبر 2005ء کے شہدائے زلزلہ کے درجات کی بلندی اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گی۔











