دوحہ ، 20 اکتوبر(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقدہ “گلوبل سیکیورٹی فورم” کی سائیڈ لائنز پر اہم سفارتی ملاقاتیں کی ہیں۔ ان ملاقاتوں میں اسپین اور لبنان کے وزرائے داخلہ جبکہ شام کے وزیر برائے ایمرجنسی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ شامل تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ان ملاقاتوں کے دوران باہمی تعلقات کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپین کے وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے پاکستان کے اقدامات اور کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے یورپ کی جانب غیر قانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی لانے پر پاکستان کی کارکردگی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور لبنان کے وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سیکیورٹی کے شعبے میں باہمی تعاون پر بات چیت کی گئی، جبکہ دونوں ممالک کی وزارائے داخلہ کے درمیان رابطوں کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
علاوہ ازیں، محسن نقوی کی شام کے وزیر برائے ایمرجنسی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ رائد الصالح سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ایمرجنسی رسپانس کے شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائد ہ اٹھانے اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔











