معیشت میں پائیدار استحکام اور اصلاحات کا نفاذ اولین ترجیح ہے: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

0

 

کراچی،01 اکتوبر(اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت معیشت میں پائیدار استحکام اور ذمہ دارانہ ترقی کے لیے اصلاحات کے نفاذ کو آگے بڑھا رہی ہے، جبکہ سرمایہ کاری، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منعقدہ گانگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری گروپس کا باہمی تعاون اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہونا ملکی معیشت کے لیے ایک حوصلہ افزا امر ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے فروغ، تجارتی مذاکرات، ٹیرف پالیسی اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ روابط کے ذریعے کاروباری شعبے کو مزید مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن میں معدنیات و کان کنی، زراعت، آئی ٹی، تیل و گیس اور ریفائنریز کی اپ گریڈیشن شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ سمیت مختلف ممالک کے سرمایہ کار اور کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ترکیہ کے سرمایہ کاروں کی جانب سے بھی پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے، جو عالمی سطح پر پاکستان کے سرمایہ کاری کے امکانات اور کاروباری مواقع پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت معیشت میں استحکام کو پائیدار اور ذمہ دارانہ معاشی نمو میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ساختی اصلاحات کے حوالے سے حکومت عملی نفاذ کے مرحلے میں آگے بڑھ رہی ہے، جن میں ٹیکس، توانائی، سرکاری اداروں کی اصلاحات، نجکاری اور عوامی مالیات کے شعبے شامل ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس نظام میں بہتری اور اس کے عمل کو آسان بنانے کے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ٹیکس فائلرز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت ڈیٹا کے بہتر استعمال، آسان طریقہ کار اور مؤثر نفاذ کے ذریعے ٹیکس نیٹ کو مزید وسعت دے رہی ہے۔

آخر میں انہوں نے بینکاری شعبے اور دیگر شراکت داروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت معیشت میں مالیاتی رسائی کو مزید وسعت دینے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی تاکہ کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو بھرپور فروغ مل سکے۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نئی معیشت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے اور جدید شعبوں میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے آگے بڑھ رہا ہے، جبکہ حکومت معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔