وزیر داخلہ محسن نقوی کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ

0

اسلام آباد، 01 اکتوبر(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے  نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی اور اپ گریڈیشن منصوبوں کا معائنہ کیااور زیرِ تربیت افسران کے لیے تیار کیے گئے ماڈل رومز کا بھی دورہ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کی زیرِ صدارت اجلاس میں اکیڈمی کے اپ گریڈیشن منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کانفرنس روم اور آڈیٹوریم کی ازسرِنو تعمیر کی ہدایت کی اور  کہا کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں، مکمل منصوبہ بندی اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ  وزیرِ مملکت داخلہ نیشنل پولیس اکیڈمی کے اپ گریڈیشن منصوبوں کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ  زیرِ تربیت افسران کو سواٹ ٹیموں کے طرز کے جدید تربیتی آلات فراہم کیے جائیں۔

مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے لیے بہترین اور ماہر فیکلٹی کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں ایم سی ایم سی کے نصاب میں ڈیجیٹل پولیسنگ اور مصنوعی ذہانت کے جدید ماڈیولز شامل کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس افسران کی تربیت کو وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا پولیس فورس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ناگزیر  ہے۔

دورے اور اجلاس کے دوران کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، سی ڈی اے کے افسران اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔