ملکی معیشت کا استحکام، سرمایہ کاری اور نجی شعبے کی سہولت کاری اولین ترجیح ہے: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

0

کراچی،01 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ملکی معیشت کے پائیدار استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ اور نجی شعبے کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے لیے جامع اقدامات اٹھا رہی ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گونگ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اقتصادی ترقی کے تسلسل کے لیے باہمی مشاورت اور چند بنیادی نکات پر اتفاق رائے کے ساتھ آگے بڑھنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے تمام شعبوں، بالخصوص خدمات، زراعت، صنعت اور برآمدات کی سرگرمیوں کا تسلسل قومی ترقی کے لیے اہم ہے، حکومت اقتصادی سرگرمیوں کو مستحکم اور مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کار بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی رکھتے ہیں، حکومت سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک کے ساتھ بھی تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، حکومت بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا کردار اقتصادی نظام میں رہتے ہوئے نجی شعبے کو ہر ممکن سہولت اور معاونت فراہم کرنا ہے اور حکومت اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم کے شعبے میں بھی متعلقہ وزارت کے ساتھ تفصیلی مشاورت جاری ہے، جبکہ علاقائی اور بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے عوام اور معیشت کے لیے مؤثر اقدامات پر توجہ دی جا رہی ہے۔