ملتان میں عالمی یومِ وائٹ کین سیفٹی پر تقریب، نابینا طلبہ کی شاندار پرفارمنس

5

ملتان، 15 اکتوبر (اے پی پی): عالمی یومِ وائٹ کین سیفٹی کے موقع پر گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن اسکول فار دی بلائنڈ ملتان میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بصارت سے محروم طلبہ نے مختلف ٹیبلوز اور سرگرمیوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔

تقریب کے دوران طلبہ کی پُراعتماد پرفارمنس کو سراہا گیا، جبکہ سالانہ محکمانہ یومِ اعزاز کے تحت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسٹاف ممبران میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ ان میں فزیکل انسٹرکٹر طاہر احمد خان اور  حافظ محمد اَزرم، جاوید دانش اور محمد ناصر سمیت دیگر اسٹاف ممبران شامل تھے۔

ادارے میں بصارت سے محروم بچوں کو تعلیم و تربیت کے ساتھ مفت کتابیں، مفت یونیفارم، ماہانہ وظیفہ اور پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ نئے داخلے بھی جاری ہیں۔

عالمی یومِ وائٹ کین سیفٹی ہر سال 15 اکتوبر کو منایا جاتا ہے، جس کا مقصد بصارت سے محروم افراد کی خودمختاری، محفوظ نقل و حرکت اور معاشرتی شمولیت کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔

تقریب میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بصارت سے محروم بچوں کو تعلیم، تربیت اور مساوی مواقع فراہم کرکے انہیں معاشرے کا خودمختار اور فعال شہری بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

تقریب میں ایڈوائزر محتسب پنجاب محمود جاوید بھٹی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ملتان محمد عمران نے شرکت کی۔ اس موقع پر طلبہ، والدین، اساتذہ اور دیگر اسٹاف ممبران بھی موجود تھے۔