موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ، ملتان کے شہریوں کو دہلیز پر تمام پولیس سہولیات فراہم کرنے لگا

0

ملتان، 7 اکتوبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شروع کیے گئے “موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ” منصوبے کے تحت ملتان کے شہریوں کو پولیس اسٹیشن، پولیس خدمت مرکز اور ڈرائیونگ لائسنس سنٹر سے متعلق تمام اہم اور ضروری سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ اسی سلسلے کی کڑی کے طور پر موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ نے ملتان کے مختلف مضافاتی علاقوں کا دورہ کیا اور شہریوں کو موقع پر ہی پولیس سروسز مہیا کیں۔

تفصیلات کے مطابق اس موبائل پولیس اسٹیشن وین پر پولیس سے متعلق 14 مختلف اقسام کی جدید خدمات دستیاب ہیں۔ ان سہولیات میں ایف آئی آر کے اندراج کے لیے درخواست جمع کروانا، آن لائن ای ٹیگنگ، گمشدگی کی رپورٹ کا اندراج، کریمنل ریکارڈ چیکنگ، اور کرایہ داروں کا اندراج شامل ہیں۔

اس کے علاوہ موبائل وین پر گھریلو ملازمین اور تجارتی مراکز کے ملازمین کا اندراج، پولیس اور کریکٹر سرٹیفکیٹ کی ویریفکیشن کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔ شہریوں کو ٹریفک کے شعبے میں ریلیف فراہم کرتے ہوئے لرنر ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا، نئے ڈرائیونگ لائسنس کا حصول، تجدید، ڈپلیکیٹ لائسنس اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی سہولیات بھی اسی موبائل یونٹ کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت اور رہنمائی کے لیے موبائل پولیس اسٹیشن وین کی آمد کا شیڈول سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے پہلے سے جاری کر دیا جاتا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اپنے قریب ترین علاقے میں اس موبائل یونٹ سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔