نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا اسلام آباد میں یوم سیاہ ریلی سے خطاب

1

اسلام آباد، 27 اکتوبر (اے پی پی): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے یوم سیاہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے کشمیر پر قبضے کا بھیانک قدم اٹھایا۔  کشمیر بنے گا پاکستان ہر کشمیری اور پاکستان کے دل کی آواز ہے، پاکستان نے ہر فورم پر کشمیر کا مسئلہ بھرپور انداز میں اٹھایا ہے،دنیا کشمیر کے مسئلے کو بھولی نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھارت نے پانچ اگست 2019 کو یکطرفہ اقدامات کے ذریعے کشمیر کے مسئلے کو مزید گھمبیرکیا، کشمیریوں سے ان کا حق خود ارادیت کوئی نہیں چھین سکتا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کے مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہے،مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو مذہبی عبادات سے روکا جاتا ہے۔ ہم ہر عالمی اور علاقائی فورم پر اپنی تقاریر میں کشمیر کا مسئلہ ضرور اٹھاتے ہیں۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ پائیدار اور پرامن حل کا خواہاں ہے۔

یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اسلام اباد میں ریلی کا انعقاد کا گیا جو دفتر خارجہ سے شاہراہ دستور سے ہوتے ہوئے ڈی چوک کی جانب پہنچی۔ ریلی میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے نمائندے،دفتر خارجہ کے حکام،ارکان پارلیمنٹ شریک ہوئے،ریلی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین بھی شامل ہوئے۔