نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور  بحرینی وزیر خارجہ کا پاک -بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کے معاہدے پر دستخط

0

اسلام آباد۔8اکتوبر  (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بحرینی وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے پاک بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، فوڈ سکیورٹی، تیل، گیس ،معدنیات ،بحری امور، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم اور افرادی قوت میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

 اجلاس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے حکومتی سطح پر مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔جمعرات کو ترجمان وزارت خارجہ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم ووزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے پاکستان-بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی روداد پر مشتمل پروٹوکول پر دستخط کئے جس میں تجارت و سرمایہ کاری، زراعت اور غذائی تحفظ، تیل، گیس اور معدنیات، بحری امور، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن، صحت، تعلیم اور محنت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون  پر اتفاق کیا گیا ہے۔

دونوں فریقوں نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے باقاعدہ مشاورت، رابطہ کاری اور تعاون کے لئے حکومتی سطح پر تجارت و سرمایہ کاری سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا جو ایک ادارہ جاتی طریقۂ کار کے طور پر کام کرے گا۔