اسلام آباد،29اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کو صنعتوں کی ضروریات اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے، جبکہ پاکستان اور چین کے تعاون سے نوجوانوں کی مہارتوں میں اضافے اور صنعتی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
بیجنگ میں بیلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل انڈسٹری ایجوکیشن کوآپریشن فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت نوجوانوں کی ترقی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور فنی تربیت کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ چین کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے فنی تعلیم، تکنیکی تربیت اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔ مشترکہ تربیتی پروگراموں، نصاب کی تیاری، فنی اساتذہ کی تربیت اور تعلیمی اداروں و صنعتوں کے درمیان شراکت داری سے نوجوانوں کی عملی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نوجوانوں کی مہارتوں اور صنعتی ترقی کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے وسیع امکانات رکھتے ہیں۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام چینی جامعات، فنی کالجوں، کمپنیوں اور تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے طلبہ کے تبادلوں، ڈیجیٹل تعلیمی پلیٹ فارمز اور بین الاقوامی معیار کی فنی تربیت کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ تانگ انٹرنیشنل ایجوکیشن گروپ کے دفتر میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چینی سیکریٹریٹ کا قیام پاک چین تعلیمی تعاون کو مضبوط بنانے کی اہم پیش رفت ہے۔ یہ سیکریٹریٹ حکومتی اداروں، تعلیمی مراکز اور صنعتی شراکت داروں کے درمیان رابطہ کاری کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے بین الاقوامی فنی تعلیم کے نیٹ ورک کے قیام، مہارتوں اور تجربات کے تبادلے اور صنعتی ضروریات کے مطابق تربیتی پروگراموں کی تیاری پر بھی زور دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فورم کے نتیجے میں بین الاقوامی شراکت داریوں کو تقویت ملے گی اور نوجوانوں کے لیے تعلیم، فنی تربیت اور باعزت روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔











