وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے سعودی سفیر کی ملاقات، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال

13

اسلام آباد،29 اکتوبر(اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل معاونت کو سراہا، جبکہ سعودی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور کاروباری روابط بڑھانے کی اہمیت اجاگر کی۔

دونوں جانب سے زراعت، معدنیات و کان کنی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنے اور تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے پاکستان میں معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لیے جاری اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں علاقائی امن و استحکام، رابطہ کاری اور تجارت کے فروغ میں پاکستان کے کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں جانب سے پاکستان اور سعودی عرب کی تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے اور مشترکہ اقتصادی ترجیحات پر مسلسل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔