وزیراعظم شہباز شریف سے عمان کے وزیر خارجہ کی ملاقات، مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ

0

اسلام آباد، 14 اکتوبر ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نے بدھ کو ملاقات کی۔ عمان کے وزیر خارجہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے ہمراہ پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہیں۔

وزیراعظم نے عمان کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان مشترکہ مذہب، جغرافیائی قربت، تاریخ، ثقافت اور صدیوں پر محیط عوامی روابط دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مضبوط بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عمان کو ایک برادر ملک، اہم بحری ہمسایہ اور خطے میں ایک قابل قدر شراکت دار سمجھتا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اجلاس دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی مفاد کے تعاون کو وسعت دینے اور تعلقات مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے علاقائی و عالمی امور پر دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری پر مبنی عمان کے اصولی مؤقف کو سراہا۔

عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس سے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی مفادات کے حصول میں مدد ملے گی۔ عمان کے وزیر خارجہ نے علاقائی کشیدگی میں کمی اور مسائل کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔

اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے شعبے میں تعاون، خبروں اور معلومات کے تبادلے، تاریخی دستاویزات کی تیاری اور محفوظ رکھنے، ابلاغیات و انفارمیشن ٹیکنالوجی، اور سفارتی و سرکاری سطح پر وفود کے تبادلوں میں سہولت فراہم کرنے سے متعلق معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

وزیراعظم نے پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے پروٹوکول پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔