وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے پر یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ

0

لاہور، 5 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کے لیے ایک اور عالمی اعزاز حاصل کرلیا، ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ نے اقوام متحدہ کے ہیومن سیٹلمنٹ پروگرام (یواین ہیبی ٹیٹ) کا باوقار سکرول آف آنر ایوارڈ جیت لیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مسقط میں منعقدہ ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کی پروقار تقریب میں ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ کے لیے یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ وصول کیا۔ تاریخی کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر مسقط میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ایوارڈ پیش کیا گیا تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ایوارڈ وصول کرنے کے لیے خصوصی طور پر سٹیٹ گیسٹ کے طور پر مسقط مدعو کیا گیا تھا۔ یونائیٹڈ نیشنز ہیومن سیٹلمنٹ پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینا کلوڈیا روزباخ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور دیگر شرکاء کا خیرمقدم کیا۔

دنیا بھر سے صرف پانچ منتخب ممالک کو یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔ میانمار کے ہٹو وینگ، برازیل کے تھیاگو باؤر مین گبرٹ، تیونس کے عبدالمالک غانم اور لندن کے صادق خان بھی اس عالمی اعزاز کے وصول کنندگان میں شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کے موقع پر یواین ہیبی ٹیٹ کی خصوصی نمائش کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی جبکہ انہیں ڈویلپمنٹ ایگریمنٹس پر دستخط کی تقریب میں بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے دیگر شرکاء کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

تقریب میں دی گئی خصوصی بریفنگ کے مطابق یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ اقوام متحدہ کے ہیومن سیٹلمنٹ پروگرام سے متعلق اعلیٰ ترین بین الاقوامی اعزازات میں شمار ہوتا ہے۔ یہ ایوارڈ غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد، شہروں، سرکاری و نجی اداروں اور ریسرچ انسٹیٹیوٹس کو دیا جاتا ہے۔

سکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے سستی اور مناسب رہائش کی فراہمی، پائیدار اربن ڈویلپمنٹ، بنیادی شہری سہولتوں میں بہتری، بہتر شہری ترقی و تعمیر نو اور قدرتی آفات کے بعد بحالی جیسے اہداف کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔

اقوام متحدہ کے تحت گزشتہ 37 سال کے دوران تقریباً 200 نجی و سرکاری اداروں کو یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ دیے جا چکے ہیں۔ پاکستان نے بھی 2007 میں یہ عالمی اعزاز حاصل کیا تھا۔

انیس سال بعد پنجاب کا ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ دنیا بھر کے 150 سے زائد منصوبوں میں نمایاں مقام حاصل کرتے ہوئے سکرول آف آنر ایوارڈ کا حقدار قرار پایا ہے۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ کسی صوبے کے ہاؤسنگ پراجیکٹ کو عالمی سطح پر اس نوعیت کی پذیرائی اور اعزاز حاصل ہوا ہے۔