وفاقی وزیر صحت سے روش کے علاقائی سربراہ کی ملاقات

1

اسلام آباد، 05 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے معروف عالمی دوا ساز ادارے ‘روش’ کے علاقائی سربراہ نے ملاقات کی،جس میں مریضوں کو جدید ادویات تک رسائی میں معاونت فراہم کرنے کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وفاقی آنکولوجی منصوبے کو سرکاری و نجی شعبے کے مؤثر تعاون کی اہم مثال قرار دیتے ہوئے شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر زور دیا گیا۔ کینسر کے علاوہ اسپائنل مسکولر ایٹروفی، ہیموفیلیا، ملٹی پل اسکلروسس اور دیگر نایاب بیماریوں کے علاج میں تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ وفاقی آنکولوجی منصوبہ سرکاری و نجی شعبے کے مؤثر تعاون کی اہم مثال ہے۔ انہوں نے کینسر رجسٹری کے قیام کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ، وزارت صحت اور روش کے تعاون کو عملی شکل دینے پر زور دیا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومت نجی شعبے اور عالمی اداروں کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کے ذریعے جدید علاج اور ادویات تک رسائی بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پسماندہ طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔