لاہور، 25 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جون 2027 تک صوبے میں 5,734 واٹر فلٹریشن پلانٹس مکمل کرنے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے ہر تحصیل میں ان کی مرمت و بحالی کے لیے موبائل مینٹیننس یونٹس قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
صاف پانی اتھارٹی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی نگرانی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے سپرد کرنے اور ان کی سربراہی میں عوامی کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں چکوال، راجن پور اور راولپنڈی کے متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی کے لیے لاسٹ مائل واٹر سپلائی پراجیکٹ کی بھی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صاف پانی عوام کا حق ہے اور ہر شہری کو اس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ چکوال، راجن پور اور راولپنڈی کے بعد دیگر علاقوں میں بھی واٹر سپلائی سکیمیں شروع کی جائیں گی تاکہ لوگوں کو دور دراز سے پانی لانے کی مشقت نہ کرنا پڑے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ خوشاب، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور بہاولپور میں واٹر بوٹلنگ منصوبے کے تحت روزانہ 19 لیٹر کی 10 ہزار بوتلیں تیار کی جا رہی ہیں، جبکہ منصوبے سے مختصر عرصے میں 48 لاکھ افراد مستفید ہو رہے ہیں۔









