لاہور: 25 اکتوبر ( اے پی پی ) سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کی تعلیمات برصغیر میں اسلام کی روحانی، اخلاقی اور فکری روایت کا روشن باب ہیں، جو محبت، رواداری، اخوت، خدمتِ خلق اور انسانیت کے احترام کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کی روحانی تعلیمات آج بھی معاشرے میں امن، بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جبکہ مزارِ اقدس عقیدت مندوں کے لیے روحانی سکون، اصلاحِ نفس اور فیوض و برکات کا اہم مرکز ہے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ان خیالات کا اظہار حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے مزارِ اقدس داتا دربار کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں انہوں نے جاری میگا ترقیاتی منصوبے کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا اور مرکزی مزار سے صحن کی جانب راستہ کھولنے کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح زائرین کو محفوظ، باوقار اور بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے، اس لیے ترقیاتی منصوبے میں تعمیراتی معیار، زائرین کی آمدورفت میں آسانی اور عبادت و حاضری کے لیے موزوں ماحول کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ جیسے عظیم صوفیاء کرام کی تعلیمات ہمارے معاشرے کے لیے اتحاد، رواداری اور خدمتِ انسانیت کا پیغام رکھتی ہیں اور ان کے مزارات کی بہتری اور دیکھ بھال دراصل اس عظیم روحانی ورثے کے تحفظ کی کوشش ہے۔ اس موقع پر محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) کے سپرنٹنڈنگ انجینئر عیسیٰ بن معین، ایگزیکٹو انجینئر فہد نوید، سب ڈویژنل افسر زوہیب، نیسپاک کے جنرل منیجر عادل نذیر، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان، ایس ڈی او رانا ذوہیب اور متعلقہ ٹیم نے انہیں جاری تعمیراتی سرگرمیوں، تکنیکی امور اور منصوبے کی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے محکمہ اوقاف اور عمل درآمد کرنے والے اداروں، بالخصوص TEPA اور C&W، کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ ترقیاتی کام مقررہ معیار کے مطابق اور مؤثر رابطہ کاری کے ساتھ آگے بڑھائے جائیں تاکہ زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران زائرین کی سہولت، آمدورفت اور مزار کے تقدس کو ہر صورت ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔ دورے کے دوران ڈاکٹر احسان بھٹہ نے دیگر افسران کے ہمراہ مزارِ اقدس پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے منصوبے کی کامیاب تکمیل کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ داتا دربارؒ کا ترقیاتی منصوبہ زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور اس عظیم روحانی ورثے کو مزید منظم، محفوظ اور باوقار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔









