وزیرِ اعظم کی کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کی ماسٹر پلانز کے تحت توسیع کی منظوری، ہوائی اڈوں پر بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

13

اسلام آباد 29 اکتوبر (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کی ماسٹر پلانز کے تحت توسیع کی منظوری دیتے ہوئے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر بین الاقوامی معیار کے مطابق مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جمعرات کے روز اسلام آباد میں ملک کے بڑے شہروں میں ہوائی اڈوں کی توسیع اور مسافروں کی سہولیات کے جائزے سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے توسیعی منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی، جبکہ اصلاحات اور توسیعی منصوبوں کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کو یقینی بنانے کی بھی تاکید کی۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ایئرپورٹس پر سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداروں کی خدمات لی جائیں اور عملے کو باقاعدہ تربیت فراہم کی جائے۔ انہوں نے ہوائی اڈوں پر موجود مختلف اداروں میں باہمی روابط کو بہتر بنانے، اعلیٰ کیٹرنگ سروسز اور کھانے پینے کے معیار کو ہر حال میں برقرار رکھنے پر زور دیا۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے رن وے کی توسیع مکمل ہو چکی ہے اور شہر کو ایئر کارگو حب بنانے کے لیے کارگو ویلیج پر کام جاری ہے۔ بڑے ایئرپورٹس پر ای گیٹس (E-Gates) کی تنصیب اور ایف آئی اے کے کاؤنٹرز و عملے میں اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ‘میٹ اینڈ گریٹ’ سروس اور پری ڈیپارچر ڈیسک کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گزشتہ ایک سال میں مقامی پروازوں کی بحالی کے لیے 14 ایئرپورٹس فعال کیے ہیں، جبکہ حیدرآباد میں فروری 2028 تک بین الاقوامی معیار کی ایوی ایشن یونیورسٹی بنانے کا منصوبہ ہے۔

اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، مشیر وزیرِ اعظم محمد علی، ارکان قومی اسمبلی راجہ اسامہ سرور، علی زاہد، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر سردار یاسر الیاس اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔