اسلام آباد، 27 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت فنانس ڈویژن میں اینٹی منی لانڈرنگ اینڈ کاؤنٹرنگ فنانسنگ آف ٹیررازم سے متعلق نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون، ادارہ جاتی استعداد کار میں بہتری اور باہمی رابطہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر پیش رفت، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی کارکردگی اور مالیاتی نگرانی کے نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور تعاون کو مزید بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
اجلاس میں مالیاتی نگرانی کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور متعلقہ اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے اس سلسلے میں مربوط حکمت عملی اور مؤثر عملدرآمد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور متعلقہ اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔









