وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات

10

اسلام آباد، 21 اکتوبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان تعاون کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔

برطانوی ہائی کمشنر نے وفاقی وزیر کو 2027 کے لیے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بورڈز آف گورنرز کا چیئرمین مقرر ہونے پر مبارک باد دی۔ وفاقی وزیر نے ان کی نیک خواہشات کا خیر مقدم کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر احد چیمہ نے زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر اہم شعبوں کو مضبوط بنانے کے لیے وزیراعظم کی ترجیحات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی ترقی کے فروغ کے لیے شعبہ جاتی اصلاحات اور پالیسیاں اپنا رہی ہے۔

احد چیمہ نے کہا کہ حکومت ترقیاتی شراکت داروں اور کثیرالجہتی سرمایہ کاری کو بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہے، جبکہ تعاون اور سرمایہ کاری کو مزید سہل بنانے کے لیے بھی کام جاری ہے۔

وزیر اقتصادی امور نے پاکستان میں استعدادِ کار بڑھانے اور اصلاحاتی اقدامات کے لیے برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس (ایف سی ڈی او) کی معاونت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی ڈی او وزیراعظم آفس کے ساتھ مل کر حکومت کی جاری اصلاحاتی کوششوں پر قریبی تعاون کر رہا ہے اور اس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔

جین میریٹ نے کہا کہ ایف سی ڈی او حکومتِ پاکستان کی معاونت جاری رکھے گا۔ انہوں نے معیشت کی بہتری کے لیے حکومتی کوششوں کو سراہا اور مختلف شعبوں میں جاری اصلاحات کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔

دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں قریبی روابط برقرار رکھنے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات، بشمول استعدادِ کار میں اضافے اور اصلاحاتی اقدامات، میں تعاون جاری رکھنے پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔