ملتان وہاڑی روڈ پر غیر قانونی میڈین کٹس بنانے والوں کے خلاف مقدمات درج کرانے کا حکم: کمشنر عامر کریم خاں

8

ملتان ، 21 اکتوبر(اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ملتان وہاڑی روڈ منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور مرکزی میڈین کو غیر قانونی طور پر توڑنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی فوری ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے مرکزی میڈین کو بار بار نقصان پہنچانے کے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ ہائی ویز کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی میڈین کٹس بنانے والے ذمہ دار افراد کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کرائی جائیں۔ انہوں نے ملتان میں نشاندہی کیے گئے سات مقامات پر غیر قانونی میڈین کٹس کے خلاف فوری کارروائی کرنے اور درج شدہ ایف آئی آرز کی نقول متعلقہ حکام کو فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کمشنر کا کہنا تھا کہ تعمیر شدہ سڑک کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانا ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سڑک کے معیار، حفاظت اور خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔ انہوں نے مرکزی میڈین کی حفاظت کے لیے آگاہی بینرز آویزاں کرنے اور عوامی اعلانات کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو متاثرہ مقامات کے دورے کرنے اور میڈین کی نگرانی کے لیے ہفتے میں دو مرتبہ مخصوص روٹس مرتب کرنے کا حکم دیا تاکہ غیر قانونی کٹس کی بروقت روک تھام کی جا سکے۔ اس کے علاوہ ڈرین پر بنائے گئے غیر منظور شدہ ڈھلوانی راستوں کے خلاف بھی قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی گئی۔

عامر کریم خاں نے سڑک کے اطراف موجود پرانا تعمیراتی ملبہ اور کنکریٹ کے ٹکڑے فوری ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے محکمہ ہائی ویز، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے درمیان قریبی رابطہ کاری یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت سڑک پر ماحول دوست شجرکاری بھی کی جا رہی ہے تاکہ سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ ماحول کو بھی بہتر بنایا جا سکے۔