اسلام آباد،23 اکتوبر (اے پی پی ):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت خصوصی اقتصادی زونز کے بورڈ آف اپروولز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور صنعتی زمین کے مؤثر استعمال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں کراچی انڈسٹریل پارک کو خصوصی اقتصادی زون کے طور پر ترقی دینے، نجی شعبے کے صنعتی زونز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پنجاب میں سرکاری صنعتی زونز کے لیے زمین کی لیز پالیسی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر صنعتی سرگرمیوں کے فروغ، برآمدات میں اضافے، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء قیصر احمد شیخ، احسن اقبال اور جام کمال خان، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان، صوبائی وزیر شفیع حسین اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر خصوصی اقتصادی زونز کے ذریعے صنعتی شعبے کی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔











