پاکستان ادارہ جاتی اقتصادی اصلاحات، معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن اور شفافیت کے فروغ کے ذریعے معاشی ترقی کے لیے کوشاں ہے، وزیراعظم شہباز شریف

0

اسلام آباد، 23 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ادارہ جاتی اقتصادی اصلاحات، معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن اور میرٹ و شفافیت کے فروغ کے ذریعے معاشی ترقی اور خوشحالی کے حصول کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ اقتصادی اور مالیاتی استحکام کا مشکل ہدف حاصل کرنے کے بعد حکومت بنیادی نوعیت کی اقتصادی اصلاحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے تاکہ برآمدات پر مبنی ترقی اور پیداواری معیشت کے نئے دور کا آغاز یقینی بنایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بین الاقوامی مشاورتی فرم الویریز اینڈ مارسل (A&M) کے شمالی امریکہ آپریشنز کے منیجنگ ڈائریکٹر پیٹر بریگز سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی معیشت کو بین الاقوامی منڈیوں کے لیے مزید کھولنے اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ اقتصادی ماہرین کی مشاورت سے معاشی اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتی شعبے کی کارکردگی اور استعداد کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سرکاری ملکیتی اداروں کی معاشی افادیت اور پائیداری کا جائزہ لینے کے لیے فعال حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جس کے تحت قومی معیشت کی بہتری اور اقتصادی ترقی کے لیے ان اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے۔

انہوں نے معاشی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ماہرین اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل افرادی قوت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مؤثر اور ذمہ دار بین الاقوامی مشاورتی فرموں کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری کے لیے تیار ہے۔اس موقع پر الویریز اینڈ مارسل کے منیجنگ ڈائریکٹر پیٹر بریگز نے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی اقتصادی ماہرین کے ساتھ روابط بڑھانے کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول کے فروغ اور پیداواری معیشت کے قیام کے لیے اپنی فرم کی جانب سے مؤثر رابطہ کاری اور تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔پیٹر بریگز کے ہمراہ الویریز اینڈ مارسل کے دبئی میں منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر رضا باقر، لندن میں منیجنگ ڈائریکٹر طارق حمید اور استنبول میں منیجنگ ڈائریکٹر اونور اوکوتور بھی موجود تھے۔