ملتان، 27 اکتوبر(اے پی پی): پاکستان ریلوے ملتان ڈویژن کے زیرِ اہتمام وزارتِ ریلوے کی ہدایات اور وزارتِ امورِ کشمیر و گلگت بلتستان کے متعلقہ مراسلے کی روشنی میں یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔
ریلی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے ملتان محمد خالد خان کی ہدایات اور ڈویژنل پرسنل آفیسر محمد اسامہ کی سرپرستی میں منعقد ہوئی، جس میں ڈویژنل افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور‘‘ کشمیر بنے گا پاکستان’’ اور‘‘ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے’’ کے نعرے لگائے۔
اس موقع پر 27 اکتوبر 1947ء کے تاریخی پس منظر کو اجاگر کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ شرکاء نے عالمی برادری پر زور دیا کہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔











