پشاور، 27 اکتوبر (اے پی پی): خیبر پختونخوا کی مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے “یومِ سیاہِ کشمیر” کے موقع پر ریڈیو پاکستان پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج نے کشمیر میں دراندازی کر کے ناجائز قبضہ کیا، جو کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ سیاہ منانے کا مقصد کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور ان کے حقِ خودارادیت کی اہمیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔
ثمر ہارون بلور نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری بہن بھائیوں کو بھارتی غاصبانہ قبضے اور ظلم و بربریت سے نجات دلانے کے لیے ہماری سیاسی و اخلاقی جدوجہد جاری رہے گی۔ کشمیری عوام، بزرگوں، بچوں اور خواتین سمیت افواجِ پاکستان نے بھی اس آزادی کی جدوجہد میں بے شمار اور ناقابلِ فراموش قربانیاں دی ہیں۔ ہمیں کامل یقین ہے کہ کشمیری قوم ایک دن آزاد اور پرامن فضا میں سانس لے گی اور “کشمیر بنے گا پاکستان” ہمارا پختہ یقین ہے۔
انہوں نے عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق انہیں حقِ خودارادیت دلانے کے لیے فوری اور مؤثر کردار ادا کریں۔
دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت پر حملہ اور جلنے کے آثار اس سیاہ دن کی یاد دلاتے ہیں، تاہم اس قومی اثاثے اور ورثے کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہماری مشترکہ جدوجہد کی علامت ہے۔ بعد ازاں مشیرِ اطلاعات نے ریڈیو پاکستان پشاور کے تاریخی آرکائیوز، پوڈکاسٹ اسٹوڈیو کے علاوہ پی آئی ڈی اور ڈی ای ایم پی کے دفاتر کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے یومِ سیاہِ کشمیر کے موقع پر میڈیا نمائندگان کو اکٹھا کرنے پر متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو اجاگر کرنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔









