یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ بولان کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے یکجہتی کیلئے ریلی

0

ڈاھاڈ، 27راکتوبر (اے پی پی): یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ بولان کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے یکجہتی کیلئے ڈپٹی کمشنر بولان آفس ڈھاڈر میں شاندار ریلی نکالی گئی،ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بولان خان محمد دیناری کررہے تھے۔ریلی میں انتظامی، پولیس و سول آفیسران سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ریلی کے شرکا ہاتھوں میں کشمیری اور پاکستانی پرچم تھامے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلیے نعرے لگاتے رہے،اس موقع پر شرکا سے خطاب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بولان خان محمد دیناری کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر 1947 کشمیری عوام کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے جب بھارتی افواج مقبوضہ جموں و کشمیر میں داخل ہوئیں اس دن سے کشمیری عوام بھارتی تسلط کے خلاف اپنی آزادی،بنیادی حقوق اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ظلم و جبر اور عوامی آزادیوں پر پابندیوں کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ کشمیری عوام سے کیے گئے وعدوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے کردار ادا کریں۔