لاہور، 12 اکتوبر (اے پی پی): چین کے الیکٹرک وہیکلز سیکٹر سے وابستہ بڑے گروپ جی فورس اور پاکستان کی جولٹا الیکٹرک پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان الیکٹرک وہیکلز مصنوعات کی تیاری اور تجارت کے لیے جوائنٹ وینچر معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدے کے تحت جولٹا گروپ قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں الیکٹرک بائیکس کی تیاری کا نیا کارخانہ قائم کرے گا، جبکہ جی فورس گروپ پنجاب میں بیٹریوں اور الیکٹرک وہیکلز چارجنگ اسٹیشنز کی تیاری کے لیے پلانٹ لگائے گا۔
پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ لاہور میں منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین مہمان خصوصی تھے۔ معاہدے پر جی فورس گروپ چین کے ڈائریکٹر ژانگ روئی (Zhang Rui) اور جولٹا گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد نے دستخط کیے۔ تقریب میں پنجاب ایشیا انویسٹمنٹ اینڈ کوآپریشن آفس کے سربراہ وہاب طارق بٹ، دونوں گروپس کے حکام اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت الیکٹرک وہیکلز کے شعبے کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے۔ چین کے جی فورس گروپ اور مقامی جولٹا الیکٹرک کے درمیان جوائنٹ وینچر معاہدہ خوش آئند ہے، جس پر عملدرآمد سے پنجاب میں نئی سرمایہ کاری آئے گی اور روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں الیکٹرک بائیکس بنانے والے متعدد کارخانے پیداوار دے رہے ہیں جبکہ مزید ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں بھی اپنے پیداواری یونٹس قائم کر رہی ہیں۔ الیکٹرک بائیکس بتدریج پٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکلوں کا متبادل بنیں گی۔ شور اور فضائی آلودگی سے پاک یہ گاڑیاں ماحول کے تحفظ میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہیں۔ مختلف بینک بھی صارفین کو آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اور سہولیات موجود ہیں۔ صوبے میں بالخصوص الیکٹرک وہیکلز اور چارجنگ اسٹیشنز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار مواقع ہیں۔ انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو الیکٹرک وہیکلز چارجنگ اسٹیشنز کی تیاری کے کارخانے قائم کرنے کی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چین کے متعدد دوروں کے نتیجے میں مزید چینی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے آ رہی ہیں، جس سے پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعاون کو فروغ مل رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں 50 ایکڑ رقبے پر جدید ایکسپو سینٹر تعمیر کیا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی لاہور میں الیکٹرک وہیکلز اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے کورسز بھی شروع کیے گئے ہیں۔











