راولپنڈی، 23 اکتوبر(اے پی پی):22 اکتوبر کو بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے ضلع گوادر میں گبد بارڈر کراسنگ اور گوادر شہر کے اطراف دہشتگردانہ کارروائیوں کی کوشش کی۔ دہشتگردوں کا مقصد بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے گوادر شہر اور گرد و نواح میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔ مختلف جھڑپوں میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی کوشش کو ناکام بنایا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک خاتون دہشتگرد سمیت 10 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
دہشتگرد حملوں میں ایک شہری شہید جبکہ چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ آپریشن سیکیورٹی فورسز کے کسی جانی نقصان کے بغیر مکمل کر لیے گئے اور علاقے میں امن و امان اور ریاست کی رٹ بحال کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایک بلوچ خاتون کو اس حملے میں جبراً استعمال کرنا نہ صرف ریاست کے خلاف بلکہ بلوچ خواتین کی حرمت کے خلاف جرم ہے۔ یہ بلوچ خواتین کا پروپیگنڈے کے لیے استحصال ہے جو بلوچ اور اسلامی روایات کے منافی ہے جو خواتین کو سب سے زیادہ عزت دیتی ہیں۔ بلوچستان کے عوام اپنے نام پر خون بہانے والوں کو مسترد کر چکے ہیں۔
قومی ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ ویژن “عزم استحکام” کے تحت انسداد دہشتگردی مہم بھرپور انداز میں جاری رہے گی۔











