یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے دوسرے کانووکیشن کا انعقادوزیر دفاع خواجہ محمد آصف، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور صوبائی وزیر منشاء اللہ بٹ کی خصوصی شرکت

3

 

 

سیالکوٹ ، 10 اکتوبر ( اے پی پی): یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے دوسرے کانووکیشن کا انعقاد مقامی مارکی میں کیا گیا، جس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف سیالکوٹ فیصل منظور، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد خلیق الرحمٰن، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خاور حسین سپال، ایم ریاض الدین شیخ اور رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈگری ایک نئے سفر کے آغاز کا ٹکٹ ہے، اب فارغ التحصیل طلبہ کو معاشرے میں اپنا مقام بنانے کے لیے محنت، لگن اور صلاحیتوں کے ذریعے آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اڑھائی سے تین سال کے دوران پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر تاریخی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ ڈیڑھ سال قبل پاکستان نے اپنے ازلی دشمن کو شکست دی، جس کے بعد دنیا نے ہماری مسلح افواج کی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کا لوہا مانا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی جنگوں میں اس حوالے سے شکوک و شبہات پیدا کئے جاتے رہے کہ کامیابی کس کو حاصل ہوئی، تاہم معرکہ بنیان المرصوص میں دنیا نے پاکستان کی فتح اور بھارت کی شکست کو تسلیم کیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈگریاں حاصل کرنے والے طلبہ کے لئے آج فخر اور خوشی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈگری زندگی کا پہلا قدم ہے، جبکہ اس کے بعد ملک، والدین اور اپنی ذات کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کرنے کا مرحلہ شروع ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی کامیابی میں والدین کی محنت، قربانیوں اور دعاؤں کا بنیادی کردار شامل ہے، لہٰذا فارغ التحصیل طلبہ اپنے والدین کی توقعات پر پورا اتریں اور عملی زندگی میں ایمانداری، محنت اور ذمہ داری کو اپنا شعار بنائیں۔

گورنر پنجاب نے اساتذہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی میں اساتذہ کا اہم حصہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنے اساتذہ کا ہمیشہ احترام کریں اور ان سے حاصل ہونے والی تعلیم و تربیت کو اپنی عملی زندگی میں بروئے کار لائیں۔

کانووکیشن کے دوران یونیورسٹی آف سیالکوٹ کی مختلف فیکلٹیز کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں، جبکہ نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پوزیشن ہولڈرز کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔ تقریب میں طلبہ کی کامیابیوں کو سراہا گیا اور انہیں عملی زندگی میں ملک و قوم کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی گئی۔