کوئٹہ، 11 نومبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے بدھ کو ضلع کیچ (تربت)کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے مکران رینج میں امن و امان اور سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی مکران رینج نے آئی جی پولیس کو امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی انتظامات اور جرائم کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پولیس کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں سیکیورٹی امور، جرائم کی روک تھام، منشیات کے خلاف جاری مہم اور پولیس گشت کے نظام کا جائزہ لیا گیا، جبکہ پولیسنگ اور عوامی تحفظ کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی جی پولیس محمد طاہر نے پولیس شہدا کے لواحقین سے خصوصی ملاقات کی اور شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود محکمہ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ بلوچستان پولیس کی اولین ترجیح ہے، جرائم کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید موثر بنانے، پولیس گشت کے نظام کو بہتر بنانے اور عوام کے ساتھ رابطوں کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔آئی جی پولیس نے سٹی تھانہ کیچ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھانے کے ریکارڈ، انتظامی امور اور دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں اور ان کی فرض شناسی، دیانتداری اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیانتدار اور محنتی اہلکار محکمہ پولیس کا قیمتی سرمایہ ہیں۔آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے صوبے بھر میں امن و امان کے قیام، شہریوں کے تحفظ اور قانون کی بالادستی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔











