اسلام آباد،16 نومبر)اے پی پی): اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل اسماعیل اولدالشیخ احمد نے کامسٹیک سیکریٹریٹ اسلام آباد کا دورہ کیا،سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعدان کایہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔
کامسٹیک پہنچنے پر کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے موقع پر پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے سیکریٹری جنرل کو کامسٹیک کے تنظیمی ڈھانچے، ذمہ داریوں، تربیتی پروگراموں، سائنسی فیلوشپس اور او آئی سی رکن ممالک کے سائنس دانوں، محققین اور تعلیمی اداروں کیلئے جاری مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے اپنے چھ نکاتی وژن کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کیلئے رکن ممالک اور اداروں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داریوں کو مضبوط کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی 57 ممالک پر مشتمل ہے جو چار براعظموں میں پھیلے ہوئے ہیں، جن کی مجموعی آبادی دو ارب سے زائد اور عالمی مجموعی پیداوار میں حصہ تقریباً 25 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سائنس اور ٹیکنالوجی بنیادی اہمیت رکھتی ہے اور کامسٹیک اس میدان میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اسماعیل ا ولد الشیخ احمد نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ او آئی سی کے نظام میں قائم مستقل کمیٹیوں میں کامسٹیک وہ پہلا ادارہ ہے جس کا انہوں نے دورہ کیا۔ انہوں نے خواتین کیلئے سائنس، تعلیم اور ترقی کے شعبوں میں مزید مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
او آئی سی سیکریٹری جنرل نے کامسٹیک کے منصوبوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ کامسٹیک کے پروگراموں کو مزید وسعت دینے اور ان کے مؤثر نفاذ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے مکمل تعاون جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی رکن ممالک کے درمیان سائنسی و تکنیکی تعاون کو مضبوط بنانا اور سائنس، تحقیق اور جدت کے شعبوں میں مسلم دنیا کی اجتماعی صلاحیت میں اضافہ تنظیم کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ دنیا ایک اہم موڑ پر کھڑی ہے جہاں مصنوعی ذہانت معیشتوں اور علم کے نظام کو نئی شکل دے رہی ہے، ڈیجیٹل خلیج دنیا کی ایک بڑی آبادی کو مستقبل کے مواقع سے محروم کرنے کا خطرہ پیدا کر رہی ہے جبکہ موسمیاتی تبدیلی پائیدار ترقی کے عالمی اہداف کے حصول کیلئے بڑا چیلنج بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانیت کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ سائنس کو پوری انسانیت کا مشترکہ ورثہ بنایا جائے اور ٹیکنالوجی کی حکمرانی منصفانہ ہو، جس کی تشکیل میں گلوبل ساؤتھ کو بھی برابر کا کردار حاصل ہو، نہ کہ فیصلے اس پر مسلط کیے جائیں۔











