برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر چارلس واکر کی جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

5

راولپنڈی، 16 نومبر )اے پی پی):برطانیہ کے اعلیٰ سطحی وفد نے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر کی سربراہی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات کی۔

جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو پاکستان آرمی کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی موجودہ صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و سلامتی تعاون بڑھانے کے راستوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دوطرفہ عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا۔

معزز مہمان نے پاکستان مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔

یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور دوطرفہ عسکری تعلقات کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔