وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون کا جلالپور پیر والا بار سے خطاب، فرنیچر فراہمی کے منصوبے کا افتتاح اور جنوبی پنجاب کی ترقی پر زور

6

جلالپور پیر والا،17 نومبر(اے پی پی): وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی سطح پر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، 10 مئی (معرکہ حق) کے واقعات میں مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قومی قیادت کی حکمت عملی نے دنیا میں پاکستان کا وقار بلند کیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی مؤثر سفارت کاری نے عالمی سطح پر ملک کا مؤقف اجاگر کیا۔

وہ جلالپور پیر والا کچہری بار ایسوسی ایشن کے وکلاء کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے بار کے لیے فرنیچر کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح بھی کیا۔

رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ پاکستانی فضائیہ نے بھی اپنی مہارت منوائی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر اجاگر کرنا ان کے لیے اعزاز ہے۔ قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور بار و بینچ کے مضبوط روابط منصفانہ معاشرے کی بنیاد ہیں، جبکہ وکلاء برادری کا اتحاد ان کی فلاح و بہبود اور بار کی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے بار کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل اور وکلاء ہاؤسنگ کالونی کے منصوبے کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے و چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے سیاحت پنجاب ملک لال محمد جوئیہ نے بار کے مسائل کے حل اور وکلاء کے مطالبات پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

تقریب میں صدر بار جام اللہ بخش فراز، سیکرٹری جنرل ملک جعفر حسین، سردار محمود اختر عثمان، سردار فیض رسول خان بلوچ، ملک تاج اکبر، نادیہ شبیر، پروین رضا اور دیگر سینئر وکلاء نے بھی شرکت کی۔