مدینہ منورہ سے ممتاز عالمِ دین مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج کی جامع مسجد المنیر و مدرسہ معہد الدراسات الاسلامیہ آمد، طلبہ سے ملاقات، تعلیمی سرگرمیوں کو سراہا

6

اسلام آباد، 06 نومبر (اے پی پی) مدینہ منورہ، سعودی عرب سے تشریف لانے والے ممتاز اسلامی اسکالر اور انٹرنیشنل ختمِ نبوت موومنٹ کے ورلڈ سیکرٹری جنرل حضرت مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج صاحب نے  مدرسہ معہد الدراسات الاسلامیہ، جامع مسجد المنیر، ایف سکس تھری، مین مارگلہ روڈ اسلام آباد کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے نمازِ جمعہ کی امامت فرمائی اور خطبۂ جمعہ ارشاد کیا۔

اس موقع پر مدرسے کے مہتمم و خطیب مولانا اسد اللہ عباسی صاحب نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ شکیل صاحب (ہائی کورٹ) اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران بھی استقبال اور تقریب میں شریک تھے۔ مولانا اسد اللہ عباسی صاحب نے معزز مہمان کو مدرسے کی مجموعی تعلیمی، تدریسی اور انتظامی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

دورے کے دوران مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج صاحب نے مدرسے کے طلبہ سے خصوصی ملاقات کی، ان کی تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور نہایت شفقت و محبت کے ساتھ بچوں کی حوصلہ افزائی فرمائی۔ طلبہ بھی مدینہ منورہ سے تشریف لانے والی اس ممتاز دینی شخصیت سے ملاقات پر انتہائی خوش اور پُرجوش دکھائی دیے۔

مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج صاحب کو بتایا گیا کہ مدرسہ معہد الدراسات الاسلامیہ میں طلبہ کو قرآنِ کریم حفظ کروانے کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ اس کے ساتھ جدید عصری اور باقاعدہ اسکول کی تعلیم کا بھی خصوصی انتظام موجود ہے۔ یہاں زیرِ تعلیم طلبہ حفظِ قرآن اور دینی تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ میٹرک (نویں اور دسویں جماعت) تک باقاعدہ اسکول کے امتحانات میں بھی شرکت کرتے ہیں۔

مدرسے میں دینی تعلیم اور عصری تعلیم کے اس حسین امتزاج سے آگاہ ہو کر مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج صاحب نے نہایت مسرت کا اظہار کیا اور اس تعلیمی نظام کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین کاوش قرار دیا۔ انہوں نے اس امر کو خوش آئند قرار دیا کہ نئی نسل کو قرآن و سنت ؐ کی تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ جدید تعلیمی تقاضوں کے مطابق بھی تیار کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر مولانا اسد اللہ عباسی صاحب نے معزز مہمان کی آمد کو مدرسے اور طلبہ کے لیے باعثِ اعزاز قرار دیا اور ان کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا۔ ایڈووکیٹ شکیل صاحب اور دیگر معزز شرکاء کی موجودگی نے اس موقع کو مزید اہمیت بخشی۔ ملاقات کا ماحول نہایت خوشگوار اور محبت و احترام سے بھرپور رہا۔