حکومت کیش لیس پاکستان اقدام کے تحت ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ اور جدید ادائیگیوں کے نظام کو وسعت دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ، بلال اظہر کیانی

11

اسلام آباد، 12 نومبر (اے پی پی): وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت کیش لیس پاکستان اقدام کے تحت ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ اور جدید ادائیگیوں کے نظام کو وسعت دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں انہوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو راست کیو آر مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ (ایم ڈی آر) اسکیم کے حوالے سے ورکنگ پیپر تیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اس اسکیم کی منظوری کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔

وزیر مملکت کی زیر صدارت وزارت خزانہ میں کیش لیس پاکستان کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جو گزشتہ جمعہ کو وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کا تسلسل تھا۔ اجلاس میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ، راست کیو آر اسکیم کے فریم ورک اور وزیراعظم کے ڈیش بورڈ پر ڈیجیٹل ادائیگیوں سے متعلق کارکردگی کے اشاریوں کو مزید بہتر بنانے پر غور کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کیش لیس پاکستان اقدام کے تحت ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، تاجروں کی جانب سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی قبولیت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ گیس اور بجلی کے بلوں پر راست کیو آر کوڈز کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اسی طرح نادرا کے مراکز پر بھی راست کیو آر کے ذریعے خدمات کی ادائیگی ممکن بنائی گئی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کے تحت ملک بھر میں ادائیگیاں راست ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جائیں گی، جبکہ متعلقہ ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران کو اس حوالے سے تربیت بھی فراہم کی جا چکی ہے۔

بلال اظہر کیانی نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں سے متعلق ڈیش بورڈ میں صرف ادائیگیوں کے حجم ہی نہیں بلکہ ان کی مالیت اور منفرد اکاؤنٹ صارفین کی تعداد کو بھی شامل کیا جائے تاکہ اقدامات کے نتائج کا مؤثر جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک کو معیشت کے اہم اشاریوں، بشمول مجموعی قومی پیداوار کے مقابلے میں آر ٹی جی ایس کے ذریعے ہونے والی ادائیگیوں کے تناسب کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ کیش لیس پاکستان کے قومی اقدام میں بینکاری شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے۔ اس سلسلے میں وہ کراچی میں بینکوں کے صدور اور چیف ایگزیکٹو افسران سے ملاقات کریں گے تاکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

اجلاس میں وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، نادرا اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے شعبے سے وابستہ نجی اداروں کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔ وزیر مملکت نے شرکاء کی تجاویز کو سراہتے ہوئے سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔