اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے جمعہ کو یہاں پاکستان نیوی ویمن ایسوسی ایشن (پی این ڈبلیو اے) کے سالانہ گرینڈ فیسٹیول 2026 کا افتتاح کردیا ۔ بیگم چیف آف دی نیول سٹاف فوزیہ نوید نے خاتونِ اوّل کا استقبال کیا اور انہیں پاکستان نیوی ویمن ایسوسی ایشن کی سرگرمیوں اور فلاحی اقدامات بارےبریفنگ دی۔ ایوان صدرِ کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق خاتونِ اوّل نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا جہاں اس اقدام سے وابستہ خواتین کے تیار کردہ دستکاری مصنوعات اور گھریلو استعمال کی اشیاء نمائش کے لئے رکھی گئی تھیں۔ انہوں نے خواتین کی ہنرمندی، لگن اور محنت کو سراہتے ہوئے ان کی جانب سےمہارتوں کو فروغ دینے اور اپنے خاندانوں کی فلاح و بہبود میں کردار ادا کرنے کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔دورہ کے دوران خاتون اول کو بتایا گیا کہ پاکستان نیوی ویمن ایسوسی ایشن خواتین کو عملی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے ایک ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ بھی چلا رہی ہے۔ انہیں مزید آگاہ کیا گیا کہ ان خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی دوبارہ ایسوسی ایشن کو فراہم کی جاتی ہے تاکہ اس اقدام سے وابستہ خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کی جا سکے۔ 1970 میں قائم ہونے والی پاکستان نیوی ویمن ایسوسی ایشن، پاک بحریہ کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ اہلکاروں کے خاندانوں بالخصوص شہداکے اہلِخانہ کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہی ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران یہ ایسوسی ایشن ایک خود کفیل ادارے کی شکل اختیار کر چکی ہے جو بحریہ سے وابستہ خاندانوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔فیسٹیول میں خواتین سفارتکاروں اور سفیروں کی بیگمات نے بھی شرکت کی۔











