شام کی خودمختاری اور تعمیرِ نو کی مکمل حمایت،اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں،پاکستان

13

اقوام متحدہ، 17 نومبر (اے پی پی): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید حیدر شاہ نے سلامتی کونسل میں شام کی صورتِ حال پر بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے شام میں سیاسی انتقالِ اقتدار، قومی اداروں کی بحالی اور تعمیرِ نو کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ شام کی وحدت،خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کے ساتھ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور عملی تعاون جاری رکھے۔ انہوں نے شامی سرزمین پر اسرائیل کے مسلسل حملوں اور دراندازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مقبوضہ علاقوں بشمول گولان کی پہاڑیوں سے فوری انخلا اور 1974ء کے جنگ بندی معاہدے سمیت سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔ پاکستانی مندوب نے امریکہ، یورپی یونین اور برطانیہ کی جانب سے شام پر اقتصادی پابندیوں میں نرمی،شمال مشرقی شام کے معاہدے پر عمل درآمد، سویدا سے متعلق سہ فریقی لائحۂ عمل اور شام و اردن کے درمیان مشترکہ سیکیورٹی کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ داعش سمیت دہشت گرد گروہوں کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی قانون کے مطابق مربوط تعاون ناگزیر ہے،جبکہ پاکستان شامی عوام کے ساتھ اپنی غیرمتزلزل یکجہتی جاری رکھے گا۔