کوئٹہ:16 نومبر(اے پی پی ) محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان حکومت بلوچستان کے زیرِ اہتمام نیشنل ویمن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے 235 خواتین شریک ہیں ۔ کانفرنس کا افتتاح صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کیا۔
اس موقع پر سیکریٹری کھیل و امورِ نوجوانان درا بلوچ، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس یاسر بازئی، ڈائریکٹر یوتھ افیرز سجاد اسلم بلوچ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر صوبائی مشیر مینا مجید بلوچ کا کہنا تھا کہ نیشنل ویمن کانفرنس بلوچستان کی خواتین کے لیے ایک بہترین موقع ہے، جہاں ملک کے مختلف صوبوں سے آنے والی خواتین کو ایک دوسرے کی ثقافت، روایات اور صلاحیتوں سے روشناس ہونے کا موقع مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے ذریعے دیگر صوبوں سے آنے والی خواتین بلوچستان کی ثقافت، روایات اور سیاحتی مقامات کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کر سکیں گی۔کانفرنس میں شریک خواتین نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے نیشنل ویمن کانفرنس کا انعقاد انتہائی خوش آئند اقدام ہے۔
اس کانفرنس کے ذریعے دور دراز علاقوں اور دیگر صوبوں سے آنے والی خواتین کو بلوچستان کا حقیقی چہرہ دیکھنے اور یہاں کی ثقافت، روایات اور مہمان نوازی سے روشناس ہونے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس بلوچستان کا مثبت پیغام ملک بھر میں پہنچانے اور صوبے کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔
شرکاء نے کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر حکومت بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے مثبت اقدامات اور سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ بلوچستان کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ معلومات اور مثبت تشخص ملک بھر کے لوگوں تک پہنچ سکے۔
نیشنل ویمن کانفرنس کے دوران خواتین کے لیے مختلف سیشنز اور ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا ہے، جبکہ ہائیکنگ اور دیگر تفریحی و معلوماتی سرگرمیاں بھی کانفرنس کا حصہ ہیں ۔ اس کے علاوہ خواتین کے اسمبلی سیشن کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جس میں شرکاء کو اسمبلی کے طریقہ کار، اجلاس چلانے اور قانون سازی کے عمل سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ نیشنل ویمن کانفرنس کوئٹہ میں پانچ روز تک جاری رہے گی، جس کا مقصد ملک بھر کی خواتین کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا اور ان کی سماجی، ثقافتی و تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔











