کوٹلی ،16 نومبر (اے پی پی ): صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے یونیورسٹی آف کوٹلی کے چھٹے کانووکیشن 2026ء میں شرکت کی۔یونیورسٹی آف کوٹلی کے کانووکیشن میں 1200 طلبہ و طالبات میں ڈگریاں اور 27 نمایاں پوزیشن ہولڈرز میں گولڈ میڈلز تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا حقیقی سرمایہ اور قومی ترقی و خوشحالی کی بنیادی قوت ہیں، اعلیٰ تعلیم کا مقصد صرف ڈگریوں کا حصول نہیں بلکہ تحقیق، تخلیقی سوچ اور عملی مہارتوں کا فروغ ہے، صدر آزاد کشمیر نے یونیورسٹی آف کوٹلی میں ڈاکٹر محمود الحسن شہید بزنس انکیوبیشن سنٹر کا افتتاح کیا۔
انھوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس، سافٹ ویئر انجینئرنگ اور روبوٹکس جیسے جدید شعبوں میں تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے۔یونیورسٹی آف کوٹلی کی عالمی تعلیمی درجہ بندی میں پیش رفت قابل تحسین ہے، وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت یونیورسٹی آف کوٹلی کے 372 طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔











