صدر مملکت آصف علی زرداری کی آئرلینڈ کے لیے نامزد پاکستانی سفیر آفاق احمد کو اقتصادی سفارت کاری، سرمایہ کاری کے فروغ اور سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے کی ہدایت

5

اسلام آباد، 19 نومبر (اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری سے آئرلینڈ کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر آفاق احمد نے جمعرات کو ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صدر مملکت نے پاک آئرلینڈ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے فعال اور متحرک سفارتی حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے ہدایت کی کہ دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ، تعلیمی و ثقافتی تعاون بڑھانے اور آئرلینڈ میں مقیم پاکستانی شہریوں کو درپیش ویزا سے متعلق مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے۔

 انہوں نے 1962ء میں قائم ہونے والے پاک آئرلینڈ دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 2027ء میں سفارتی تعلقات کی 65 ویں سالگرہ دوطرفہ روابط کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا ایک بہترین موقع ہے۔

اقتصادی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ آئرلینڈ کے کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ بھرپور روابط استوار کریں۔ انہوں نے خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارماسیوٹیکل، بائیو ٹیکنالوجی، زراعت اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کی تلقین کی، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اب بھی اپنی اصل استعداد سے کم ہے۔

صدر مملکت نے دونوں ممالک کی جامعات کے درمیان شراکت داری، تعلیمی وظائف، تحقیقی تعاون اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ پر بھی زور دیا۔ اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری، پانی کے تحفظ اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات تلاش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے تحفظ، ویزا مشکلات کے ازالے اور ہنرمند پاکستانی پیشہ ور افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر آئرلینڈ کے لیے نامزد سفیر آفاق احمد نے رہنمائی فراہم کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاک آئرلینڈ تعلقات کے استحکام، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ، تعلیمی تعاون اور آئرلینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔